Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت سیاحت کے فروغ ، معاشی ترقی کیلئے اہم پیش رفت

گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت سیاحت کے فروغ ، معاشی ترقی کیلئے اہم پیش رفت

اسلام آباد:گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت پاکستان کے قدرتی حسن، پہاڑوں، ساحلی علاقوں اور دلکش مناظر کو معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بنانے کیلئے گزشتہ تین برسوں کے دوران اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔پاکستان اپنی قدرتی خوبصورتی، متنوع ثقافت اور منفرد جغرافیائی خصوصیات کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے غیر معمولی کشش رکھتا ہے۔ اسی تناظر میں سیاحتی شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت متعدد منصوبوں پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔گرین پاکستان انیشی ایٹو کے تحت صرف 18 ماہ کے دوران 78 سیاحتی مقامات سے متعلق معاہدے طے پائے، جبکہ 17 منصوبوں میں سے 15 ہوٹلوں اور تفریحی مراکز کو عوام اور سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

ان منصوبوں سے نہ صرف سیاحتی سہولیات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع بھی بہتر ہوئے ہیں۔پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے "سلام پاکستان” مہم کامیابی سے جاری ہے، جس کے ذریعے ملک کے خوبصورت سیاحتی مقامات، ثقافتی ورثے اور قدرتی مناظر کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔سیاحت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کو فروغ دینے کیلئے 2024 سے پائیدار سیاحت فورم کا باقاعدہ انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جس میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، ماہرین اور متعلقہ اداروں کی شرکت سے اس شعبے میں ترقی کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کیلئے 126 ممالک کے شہریوں کیلئے ویزا سہولیات میں نمایاں آسانیاں فراہم کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان عالمی سیاحتی نقشے پر مزید نمایاں ہو رہا ہے۔پاکستان کے شمالی علاقے بھی عالمی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔

2025 میں معروف امریکی نشریاتی ادارےسی این این نے گلگت بلتستان کو دنیا کے سرفہرست 25 سیاحتی مقامات میں شامل کیا، جو پاکستان کے سیاحتی امکانات کے عالمی اعتراف کا واضح ثبوت ہے۔اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 820 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔ یہ پیش رفت ملک میں بہتر سہولیات، مثبت عالمی تاثر اور مؤثر حکومتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔گرین ٹورزم پاکستان کے تحت سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے سیاحتی انفراسٹرکچر، رہائشی سہولیات، تفریحی مراکز اور دیگر ضروری خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں تاکہ پاکستان کو خطے کا ایک نمایاں سیاحتی اور سرمایہ کاری مرکز بنایا جا سکے۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More