پی ٹی آئی کی اپنے قائد کیلئے این آر او کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، خواجہ آصف
یہ وہی شخص ہے جو ماضی میں دوسرے سیاست دانوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ان کے لیے جیل کی زندگی مزید سخت بنانے کے مطالبات کیا کرتا تھا، وزیردفاع
اسلام آباد: (نیوز پلس) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی اپنے قائد کیلئے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ یہ قدرت کا انتقام ہے، تکبر کے ہمالیہ پہاڑ سے آج مارگلہ کی پہاڑیاں بھی بلند ہیں۔
انہوں نے کہاکہ خلوص سے دعا ہے اللہ عمران خان کو تمام بیماریوں سے شفا بخشے، آمین۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بے شمار بانیوں میں سے ایک بانی کو معزز عدلیہ کی جانب سے غیر معمولی ریلیف ملا اور جس انداز میں پوری جماعت نے اس فیصلے پر جشن منایا، وہ اس کی اس شدید خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی طرح انکے نااہل شدہ قائد کو جیل سے نکالا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہی شخص ہے جو ماضی میں دوسرے سیاست دانوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ان کے لیے جیل کی زندگی مزید سخت بنانے کے مطالبات کیا کرتا تھا۔
خواجہ آصف نے لکھا کہ ستم ظریفی کا شاید اس سے بڑا یوٹرن ممکن نہیں کہ جس شخص کو ایک ناقابلِ شکست اور خود ساختہ مردِ آہن کے طور پر پیش کیا گیا، آج اسی کی پوری جماعت اسے جیل سے ہسپتال منتقل کرانے کے لیے فریاد کرتی نظر آ رہی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہسپتالوں میں علاج تو پہلے بھی ہوتا رہا ہے اور اب بھی مجھے نیازی صاحب کو فوری، موثر اور مکمل طبی سہولت فراہم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن عدالتی فیصلے پر خوشیاں منانے سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے بیانیے کے ان واضح تضادات کا جواب ضرور دینا چاہیے۔
