پی ایس ایل11: پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تاریخ کی بڑی فتح حاصل کر لی
کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح اپنے نام کرلی۔
میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ ان کے حق میں نہ جا سکا۔ پشاور زلمی کے بیٹرز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے مقررہ اوورز میں 246 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر ناقابل شکست 87 رنز اسکور کیے، جبکہ کوشال مینڈس نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 191 رنز کی ریکارڈ شراکت داری قائم کی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔
عبدالصمد نے بھی مختصر مگر دھماکہ خیز اننگز کھیلتے ہوئے صرف 12 گیندوں پر 40 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اعظم خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کے بولرز نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی، جہاں ناہید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ پشاور زلمی نے نہ صرف میچ جیتا بلکہ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے بڑی فتح کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
