Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان اور ناروے کا تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور ناروے کا تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور ناروے نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی، آئی ٹی اور بحری امور سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ امن کے فروغ کے لیے پاکستان اور ناروے پاک بھارت اور ایران امریکا کشیدگی کے دوران مسلسل رابطے میں رہے۔محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارتی صلاحیت میں اضافے کے مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک اہم امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور کثیر الجہتی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہیں۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے ساختی نظام وضع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران پاکستان کی فعال ثالثی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس سے قبل نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جن میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان وزارت خارجہ میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے نارویجن ہم منصب کا پاکستان آمد پر خلوص خیرمقدم کیا۔

پاکستان کی قیادت نے امریکا ایران جنگ کے دوران جرأت مندانہ کردار ادا کیا: ناروے

اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سرکاری دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وزارت خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے دیرینہ دوستانہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم عالمی امور کا جائزہ لیا گیا۔

مذاکرات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ فریقین نے پاکستان اور ناروے کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان 78 سال پر محیط شراکت داری موجود ہے جبکہ نارویجن کمپنیاں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے پاکستان اور ناروے کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ موجودہ کشیدگی عالمی امن اور عالمی معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا، جسے ناروے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان روابط کا اہم ذریعہ ہے، جبکہ پاکستان میں ناروے کی متعدد کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اہم کردار کو بھی سراہا۔

ترجمان کے مطابق فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ نے بتایا کہ ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران-امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور خدمات کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

Security Question:15 + 9 = ?

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More