Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان نے پہلی قمری گاڑی کا نام ’جناح-1‘ رکھ دیا گیا

پاکستان نے  پہلی قمری گاڑی کا نام ’جناح-1‘ رکھ دیا گیا

اسلام آباد: پاکستان کی خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی کمیشن (سپارکو) نے ملک کے پہلے قمری روور کا سرکاری نام ’جناح-1‘ رکھنے کا اعلان کردیا ہے، جو 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند پر روانہ کیا جائے گا۔

سپارکو کے مطابق ’جناح-1‘ کا نام ملک گیر مقابلے کے دوران موصول ہونے والی تجاویز میں سے منتخب کیا گیا۔ قمری روور کا نام تجویز کرنے کے لیے سپارکو کو ملک بھر سے 4 ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیں، جن میں سے 7 شرکاء نے ’جناح-1‘ نام تجویز کیا۔

حکام کے مطابق مقابلے کے فاتح کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا، جس میں بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم کو فاتح قرار دیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپارکو نے کہا کہ ’جناح-1‘ کا نام بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نام پاکستان کے عزم، سائنسی ترقی اور خلائی تحقیق کے نئے افق کی علامت بھی ہے۔

سپارکو کے مطابق پاکستان کا پہلا قمری روور 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے تحت چاند پر بھیجا جائے گا، جہاں یہ خصوصی طور پر چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق میں حصہ لے گا۔

پاکستان میں تیار کیا جانے والا یہ قمری روور چاند کی سطح پر پلازما، تابکاری اور سطحی جغرافیہ کا مطالعہ کرے گا۔ اس کے ذریعے حاصل ہونے والے سائنسی ڈیٹا سے مستقبل میں قمری تحقیق، خلائی ٹیکنالوجی کی ترقی اور چاند پر انسانی موجودگی سے متعلق مطالعات میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

سپارکو کا کہنا ہے کہ ’جناح-1‘ پاکستان کے خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا اور اس منصوبے سے ملک میں سائنسی تحقیق، انجینئرنگ اور جدید خلائی ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ دینے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

پاکستان کا قمری روور مشن ملک کے خلائی پروگرام کو نئی سمت دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More