Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

پاکستان سعودی عرب کو باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، شہباز شریف

پاکستان سعودی عرب کو باہمی مفاد کے  شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، شہباز شریف

اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق  سعودی عرب کے معیار پر پورا اتریں گے

سعودی وزیر خارجہ اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب

اسلام :  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان منفرد تعلقات میں باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں جبکہ پوری قوم سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے، دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم نے سرمایہ کاری سے متعلق عالمی ماہرین کی مشاورت سے فزیبلٹی تیار کی ہے، آج کی گفتگو سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، سعودی عرب کے ساتھ اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے کئے گئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے معیار پر پورا اتریں گے، ایس آئی ایف سی شاندار ماڈل ہے جس نے مختصر وقت میں بہترین میکنزم تشکیل دیا ہے، ہم اپنے اہداف حاصل کریں گے، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف اور اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں، ہم مل کر اپنا مشن مکمل کریں گے، مشترکہ منصوبوں کو مکمل کرکے ہم اپنا ہدف حاصل کریں گے۔

 سعودی عرب کے وزیر خارجہ  شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھرپور استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں، سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔

عشائیہ میں وفاقی وزرا ، ارکان پارلیمنٹ، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت اعلی عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More