پاکستان اور کویت کے درمیان سفارتی رابطے مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وزیرِ خارجہ نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سفارتی سطح پر اہم سہولت کاری فراہم کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں نائب وزیرِ اعظم کی ذاتی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
اس موقع پر محمد اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مستقبل میں قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
