Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف کا کابینہ کے اہم اراکین کے ہمراہ جی ایچ کیوراولپنڈی کا دورہ، آرمی چیف سے ملاقات

وزیر اعظم شہباز شریف کا کابینہ کے اہم اراکین کے ہمراہ جی ایچ کیوراولپنڈی کا دورہ، آرمی چیف سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانے کے لئے درکار تمام وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پرامن عروج کو یقینی بنانے کے لئے افواج پاکستان کے کردار کی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم اراکین کے ہمراہ جمعہ کو پاک فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)راولپنڈی کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا استقبال کیا ۔ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد انہوں نےیادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے عسکری قیادت کے ساتھ قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں کے امور پر بات چیت کی۔

وزیراعظم کو سکیورٹی کی موجودہ صورتحال، خطرے کے سپیکٹرم، سیکورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور قربانیوں کو سراہا اور ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے عزم کو سراہا۔

وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عروج ملک کا مقدر ہے اور پاکستان کے پرامن عروج کو یقینی بنانے میں مسلح افواج کے کردار کی اہمیت کو کم نہیں کیا جاسکتا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کے جی ایچ کیو کے دورے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔ سویلین اور فوجی قیادت نے قومی مفادات کو برقرار رکھنے اور خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More