Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کی قومی پالیسی 2024 کی منظوری

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ، پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کی قومی پالیسی 2024 کی منظوری

اسلام آباد:  وفاقی کابینہ نے پرتشدد انتہاپسندی کی روک تھام کی قومی پالیسی 2024 کی منظوری دے دی جبکہ کابینہ نے متعلقہ وزارت اور عدالتی احکامات کی روشنی میں خصوصی عدالتوں کی حدود/دائرہ کار میں تبدیلی، سپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی اور ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔

پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ (اجینو موتو) کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی منظوری دے دی۔یہ فیصلہ ماہرین کی اس خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے جو کہ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی انسانی صحت پر اثرات کو جانچنے کے حوالے سے بنائی گئی تھی۔

اس کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کو انسانی صحت کے لئے محفوظ قرار دیا ہے۔

اس کمیٹی میں پاکستان سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز، وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور سرمایہ کاری بورڈ کے نمائندگان شامل تھے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر یونیورسٹی آف کیمبرج،سینٹ انٹونیز کالج یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی آف جارڈن، پیکنگ یونیورسٹی چین ، یونیورسٹی آف ہائیڈل برگ جرمنی میں پاکستان چیئرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر حبیب الرحمٰن اور ڈاکٹر کامران انصاری کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس ان منرالوجی ، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر ممتاز محمد شاہ اور ڈاکٹر محمد احمد فاروقی کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجویز کی اصولی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پرپر تشدد انتہاپسندی کی روک تھام کی قومی پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر اور سندھ ہائی کورٹ کراچی کے احکامات کی روشنی میں خصوصی عدالتوں کی حدود/دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر اور معزز بلوچستان ہائی کورٹ ، کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں سپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی کی بھی منظوری دے دی۔

 وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اورپشاور ہائی کورٹ، لاہور ہائی کورٹ،اسلام آباد ہائی کورٹ،سندھ ہائی کورٹ کراچی،بلوچستان ہائی کورٹ کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی بھی منظوری دےدی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More