Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ورلڈکپ2023: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا

ورلڈکپ2023:  پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر

سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا اور تیسری کامیابی سمیٹنے کے بعد پوائںتس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی۔

نگلہ دیشی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45.1 اوورز میں 204 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، جواب میں گرین شرٹس نے مطلوبہ ہدف 33ویں اوور میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، فخرزمان اور عبداللہ شفیق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 128 رنز کا جاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی، فخرزمان 81 اورعبداللہ شفیق 68 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاہین آفریدی اور محمدوسیم نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالا،فخرزمان پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

منگل کو کولکتہ میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلہ دیشی قائد شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو بنگال ٹائیگرز کی ٹیم 45.1 اوورز میں 204 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، بنگلہ دیشی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 23 کے سکور پر اس کے 3 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، تنزید حسن صفر، نجم الحسین شانتو 4 اور مشفق الرحیم 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، اس موقع پر لٹن داس نے محموداللہ کے ساتھ مل کر مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور 102 تک پہنچا دیا، یہاں پر افتخاراحمد نے لٹن داس کو 45 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، محموداللہ 56 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوئے، توحید7 رنز بنا سکے، کپتان شکیب الحسن 43، مہدی حسن 25، تسکین احمد 6 اور مستفیض الرحمان 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،

شاہین آفریدی اور محمدوسیم نے 3، 3 حارث رئوف نے 2 جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 32.3 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، فخرزمان اور عبداللہ شفیق نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 128 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، عبداللہ شفیق 68 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد کپتان بابراعظم نے فخر زمان کا ساتھ دینے کی کوشش کی تاہم وہ 9 رنز بنانے کے بعد مہدی حسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، 169 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ گری جب فخرزمان 81 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد مہدی حسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے،

فخرزمان کی اننگز میں 7 فلک شگاف چھکے بھی شامل ہیں، اس کے بعدمحمدرضوان نے افتخاراحمد کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلوائی، رضوان 26 اور افتخار 17 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، مہدی حسن میراز نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یہ پاکستان کی میگا ایونٹ میں متواتر چار شکستوں کے بعد پہلی کامیابی ہے اور وہ مجموعی طور پرتین فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم چھٹی شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More