Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اہم ملاقات

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اہم ملاقات

 

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور چین کے صدر شی جن پنگ نے سی پیک کی تیز تر تعمیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ترقی، روزگار، جدت اور گرین ڈویلپمنٹ کی راہداری بنانے کیلئے کلیدی قرار دیا جبکہ مختلف سطحوں پرسٹریٹجک روابط اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ تذویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ دونوں راہنمائوں کے درمیان جمعرات کو تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے موقع پر گریٹ ہال آف پیپلز میں ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں راہنمائوں نے ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی اور تمام امور پر اتفاق رائے پایا گیا۔ دونوں راہنمائوں نے سی پیک کی تیز تر تعمیر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے ترقی، روزگار، جدت اور گرین ڈویلپمنٹ کی راہداری بنانے کیلئے کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی پائیدار اور مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی اس سے منسلک ہے۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک مختلف سطحوں پرسٹریٹجک روابط اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم نے چینی صدر کو تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور ان کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے پیش کردہ آٹھ نکات کی تعریف کی۔ دونوں راہنمائوں نے پاکستان اور چین کے مابین سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری اور بین الاقوامی سطح پر ابھرتی ہوئی صورتحال کے پس منظر میں اس کی سٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق ہوا کہ دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے اعلی سطحی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان اور چین قابل اعتماد شراکت دار اور بہترین دوست ہیں۔

چین کے کلیدی امور پر پاکستان کے غیرمشروط ساتھ کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات خطے میں امن و استحکام کا باعث ہیں۔ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ پاکستان چین کا مضبوط بھائی اور قابل اعتماد دوست اور امن و ترقی میں شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں بہت اہمیت دیتا ہے اور چین، پاکستان کی اپنی سالمیت، سرحدوں کے تحفظ اور ترقی کے حصول میں معاونت کرتا رہے گا۔

دونوں راہنمائوں نے بہتر علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کیلئے باہمی تعاون پر گفتگو کی جو دونوں ممالک کا مشترکہ ویژن ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان،چین کے ساتھ علاقائی روابط اور پاکستان کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام کرتا رہے گا۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستان کے جغرافیے کے لحاظ سے موجود اقتصادی استعداد، اور اسے ابھرتا ہوا علاقائی تجارت کا مرکز بنانے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More