Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

‘مجھے آزاد کشمیر میں کامیابی ملی تو شہباز شریف سے کہوں گا مجھے وزیراعظم بنا دیں’، نواز شریف کا جلسے میں دلچسپ بیان

مجھے آزاد کشمیر میں کامیابی ملی تو شہباز شریف سے کہوں گا مجھے وزیراعظم بنا دیں’، نواز شریف کا جلسے میں دلچسپ بیان

نواز شریف کی آزاد کشمیر کے لیے بڑے اعلانات، بجٹ 10 گنا بڑھانے اور ہر تین ماہ بعد دورے کا وعدہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی کام دوبارہ شروع کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں کامیابی ملی تو وزیراعظم شہباز شریف سے کہوں گا کہ مجھے وزیراعظم بنا دیں۔

مظفر آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنی تو وہ خطے کا بجٹ 10 گنا بڑھائیں گے، پنجاب طرز کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے اور وہ ہر تین ماہ بعد خود آزاد کشمیر کا دورہ کرکے عوام کے مسائل کا جائزہ لیں گے۔

مظفر آباد میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ان کا دل چاہتا ہے کہ اگر مسلم لیگ (ن) کو انتخابی کامیابی حاصل ہوئی تو وہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہیں کہ انہیں آزاد کشمیر کا وزیراعظم بنا دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر ان کا دوسرا گھر ہے اور یہ خطہ انہیں پنجاب جتنا ہی عزیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے چاروں صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کوئی تفریق نہیں کی۔

نواز شریف نے وعدہ کیا کہ اگر آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہوئی تو عوام کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کریں گے تو وہ ہر تین ماہ بعد آزاد کشمیر آ کر خود ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والی ترقی میں وزیراعظم شہباز شریف کا اہم کردار ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ان منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مریم نواز کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب کی طرز پر مظفر آباد اور آزاد کشمیر میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ انتخابی کامیابی کے بعد پنجاب جیسے بڑے منصوبے آزاد کشمیر میں بھی متعارف کرائے جائیں گے، جن میں موٹرویز سمیت جدید انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ حکومت میں انہوں نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا، تاہم اگر دوبارہ موقع ملا تو بجٹ کو 10 گنا تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف جو وعدہ کرتے ہیں، اسے پورا بھی کرتے ہیں۔

نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے مظفر آباد کے لیے 10 جدید الیکٹرک اور ایئرکنڈیشنڈ گرین بسیں تحفے کے طور پر بھیجی جا رہی ہیں، جو آئندہ چند روز میں عوام کی خدمت کے لیے پہنچ جائیں گی۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے 15 موبائل اسپتال بھی فراہم کیے جائیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے بعد آنے والی حکومتوں نے ترقیاتی سفر روک دیا اور ملک کا قیمتی وقت ضائع کیا۔ ان کے بقول اس عرصے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دینے کے بجائے صرف نعرے بازی کی گئی، جس سے پاکستان کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں بیمار افراد کو چارپائیوں پر اٹھا کر سڑک تک لایا جاتا ہے اور بعض اوقات اسلام آباد منتقل کرتے ہوئے وہ راستے ہی میں دم توڑ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل برقرار رہتا تو موٹرویز اور دیگر بنیادی منصوبے نہ صرف مکمل ہو چکے ہوتے بلکہ ان کا دائرہ مزید وسیع ہو چکا ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام مزید محرومیوں کے متحمل نہیں ہو سکتے، اس لیے وقت ضائع کرنے کے بجائے ترقی اور خوشحالی کے سفر کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئی تو ماضی کی تمام کوتاہیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔

اپنے خطاب کے اختتام پر نواز شریف نے دعا کی کہ مظفر آباد ترقی اور خوشحالی میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں سے بھی آگے نکل جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More