Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

وزیراعظم کا خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار ، تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کریں وزیراعظم کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے گفتگو

وزیراعظم کا خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار ، تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کریں  وزیراعظم  کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام اور کشیدگی کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے ایک مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

یہ بات وزیراعظم نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ماہ تہران کے اپنے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کا موقع ملا، جبکہ انہوں نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام فریقوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بنیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، مکالمے اور سفارتی حل کا حامی رہا ہے اور مستقبل میں بھی علاقائی استحکام کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھے گا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے مقصد سے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی، جو علاقائی امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے تہران کے دورے کو بھی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے اس پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More