قومی اسمبلی میں پاک چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور
چینی وفد کی آمد پر اپوزیشن کی بائیکاٹ ختم کرکے اجلاس میں شرکت
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جہاں چینی وفد کی مہمانوں کی گیلری میں آمد پر ارکانِ اسمبلی نے ڈیسک بجا کر پرتپاک استقبال کیا۔ اسپیکر نے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاک چین دوستی کو خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ اس موقع پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی مہمانوں کی گیلری میں جا کر وفد کے اراکین سے مصافحہ کیا اور ان کا خیرمقدم کیا۔
ایوان نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی، جس میں پاک چین دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون، بالخصوص سی پیک منصوبوں، کو سراہا گیا۔ قرارداد میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آنے والے برسوں میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر چینی وفد کی آمد کے احترام میں اپوزیشن نے اپنا بائیکاٹ ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین کی دوستی اور تعاون کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور چینی عوام کے احسانات کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے۔
استقبالی ایجنڈا مکمل ہونے کے بعد اپوزیشن نے ایوان سے واک آؤٹ کیا، تاہم چینی وفد کے احترام میں کسی قسم کی نعرے بازی سے گریز کیا گیا۔ چینی وفد نے قومی اسمبلی میں ملنے والی عزت افزائی اور پرتپاک خیرمقدم پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا۔
چینی وفد نے سینیٹ اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کو خوش آمدید کہا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ون چائنا پالیسی پر مکمل طور پر کاربند ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور سی پیک فیز ٹو کا آغاز دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے سی پیک کا حصہ ہیں اور پاک چین دوستی ہر آزمائش میں سرخرو ثابت ہوئی ہے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ناصر عباس نے چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مستقبل ایشیا کا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے پاکستان اور چین کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے چین کو پاکستان کے لیے ایک مثالی دوست اور ترقی کا نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین نے بے روزگاری اور دیگر چیلنجز پر مؤثر انداز میں قابو پایا۔
راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ چین دنیا میں ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے تعلقات استوار کر رہا ہے، جبکہ سی پیک کی تکمیل پاک چین دوستی کو عالمی سطح پر ایک مثال بنا دے گی۔
