Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سینیٹ میں پاکستان چین دوستی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق سے متعلق تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ میں پاکستان چین دوستی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق سے متعلق تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور

اسلام آباد: (خاور عباس شاہ)سینٹ میں پاکستان اور چین کی دوستی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکر لی گئی۔

بدھ کو سینٹ میں میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پریہ قراردادنائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، آزمودہ، پائیدار اور فولادی دوستی کو گہرے فخر اور اطمینان کے ساتھ یاد کرتا ہے جسے دونوں ممالک کی قیادت کی مسلسل دانشمندانہ کاوشوں اور عوام کے مخلصانہ خیرسگالی کے ذریعے پروان چڑھایا گیا۔قرارداد میں اس امر کا اعتراف کیاگیاکہ یہ برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد و احترام، مشترکہ امنگوں، امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے غیر متزلزل عزم پر مبنی ہیں جو بدلتے عالمی حالات کے باوجود ہر آزمائش پر پورے اترے اور دونوں ممالک کے لیے قوت، اعتماد اور اطمینان کا مستقل ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر چین کی غیر متزلزل حمایت، پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ، نیز قومی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں میں چین کی ثابت قدم معاونت کو سراہتے ہیں۔پاکستان بھی چین کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، ”ایک چین“پالیسی کے ساتھ اپنے مضبوط عزم کی تجدید کرتا ہے، اور اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ تائیوان چین کے علاقے کا اٹوٹ حصہ ہے۔ پاکستان سنکیانگ، ڑی ڑانگ، ہانگ کانگ اور جنوبی بحیرہ چین سے متعلق امور پر چین کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے یہ ایوان پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے پارلیمانی اور بین الپارلیمانی روابط کا خیرمقدم کرتا ہے اور علاقائی و عالمی امن، استحکام اور ترقی کے لیے مکالمے، باہمی تفہیم اور تعاون کے جذبے کے تحت ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ ایوان دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تزویراتی، تعلیمی، ثقافتی اور عوامی سطح پر بڑھتے ہوئے تعاون کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید گہرا کر رہا ہے۔اس عزم کا اعادہ کیاگیاہے کہ یہ ایوان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے لیے اپنی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور مشترکہ خوشحالی، باہمی مفاد اور دونوں ممالک کے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین کے ساتھ عملی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتاہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More