Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

سکیورٹی فورسز کا خاران میں آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک

 سکیورٹی فورسز کا خاران میں آپریشن، 7 دہشتگرد ہلاک

 ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم شدت پسند عناصر سے تھا اور وہ علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے سرگرم تھے ، سیکیورٹی ذرائع

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لجے میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر سکیورٹی فورسز نے لجے کے علاقے میں کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 7 دہشتگرد مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں گولہ بارود، جنگی سازوسامان، 2 گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کردیئے گئے۔ مارے جانے والے دہشتگرد خاران اور گردونواح میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی سمیت مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم شدت پسند عناصر سے تھا اور وہ علاقے میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے لیے سرگرم تھے۔

سکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رکھی جائیں گی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More