سعودی عرب کا عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا متعارف، 90 روز تک قیام کی اجازت
365 روز تک مؤثر ویزا، متعدد بار سعودی عرب میں داخلہ ممکن، حج سیزن میں استعمال کی اجازت نہیں ہوگی
ریاض: سعودی عرب نے دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت زائرین ویزا کی مدت کے دوران متعدد مرتبہ مملکت کا سفر کر سکیں گے، جبکہ مجموعی طور پر 90 روز تک سعودی عرب میں قیام کی اجازت ہوگی۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق نیا ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا اجرا کی تاریخ سے 365 روز تک مؤثر رہے گا، جس کے دوران زائرین اپنی سہولت کے مطابق کئی بار سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔ تاہم ایک سال کے دوران ان کے قیام کی مجموعی مدت 90 روز سے زیادہ نہیں ہو سکے گی، اور ہر دورے میں گزارے گئے دن اسی مقررہ مدت میں شمار کیے جائیں گے۔

وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس ویزے کے ذریعے حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر سفر کے لیے منتخب کیا جانے والا عمرہ پیکیج ویزے پر دستیاب باقی ماندہ قیام کی مدت سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔
اعلان کے مطابق ہر نئے سفر سے قبل زائرین کو نسک (Nusuk) پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ اور منظور شدہ سروس فراہم کنندہ سے عمرہ پیکیج خریدنا لازمی ہوگا۔ اسی طرح نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا، جس کی تاریخیں منتخب کردہ پیکیج سے مطابقت رکھیں گی۔
وزارتِ حج و عمرہ نے مزید بتایا کہ ہر مرتبہ سعودی عرب سے روانگی پر ویزا خودکار طور پر معطل ہو جائے گا، جبکہ دوبارہ آمد پر تمام ضابطہ جاتی شرائط پوری ہونے کی صورت میں یہ ازخود دوبارہ فعال ہو جائے گا۔
وزارت کے مطابق اگر کوئی زائر 90 روزہ اجازت شدہ قیام مکمل استعمال نہ کرے تو باقی ماندہ دن ویزے کی معیاد ختم ہونے تک آئندہ دوروں میں استعمال کیے جا سکیں گے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرانے کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے سفر کو مزید آسان اور لچکدار بنانا، مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور سعودی ویژن 2030 کے اہداف کے مطابق عمرہ خدمات کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
