الپائن کلب آف پاکستان کی ویمنز ٹیم نے کھوسر گنگ چوٹی کامیابی سے سر کر لی
اسلام آباد:الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز کھوسر گنگ ایکسپیڈیشن ٹیم نے 17 جولائی 2026 کو صبح 7 بجے 6,040 میٹر بلند کھوسر گنگ چوٹی کامیابی سے سر کر لی۔
مہم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین کوہ پیماؤں نے حصہ لیا۔ اس مہم کی قیادت معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سدپارہ، صادق حسین سدپارہ اور الیاس ہُشے نے کی، جبکہ روپ فکسنگ کے فرائض قائد شگری نے انجام دیے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے جنرل سیکرٹری ایاز شگری نے اسے خواتین کی کوہ پیمائی کے لیے تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے تمام شرکاء، گائیڈز اور معاون عملے کو مبارکباد دی اور کہا کہ کلب مستقبل میں بھی خواتین کو ایڈونچر اسپورٹس میں آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔
