سری لنکا، انگلینڈ سیریز کیلئے تیاریاں مکمل، پی سی بی نے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا
اکتوبر سے نومبر تک کرکٹ کا بھرپور ایکشن، جیف کرو اور ڈین کوسکر سمیت متعدد بین الاقوامی آفیشلز ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز جبکہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا۔
ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو فرائض انجام دیں گے، جبکہ امپائرز کے پینل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے احسن رضا اور شرفدولہ کے علاوہ آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی اور ناصر حسین شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے امپائر وین نائٹس بھی ٹرائی سیریز کے دوران امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ ٹرائی سیریز کے فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ امپائرز جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔
شرفدولہ اور وین نائٹس ٹرائی سیریز کے دوران بالترتیب چار اور تین میچز میں تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔
ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے میچ ریفری ڈین کوسکر کو مقرر کیا گیا ہے۔ وہ راولپنڈی میں ہونے والے ٹیسٹ کے ذریعے بطور ٹیسٹ میچ ریفری اپنا ڈیبیو کریں گے۔

ٹیسٹ سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ پالیکر اور روڈ ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری علی نقوی کو مقرر کیا گیا ہے۔ راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ طارق رشید تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں فورتھ امپائر ہوں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی، جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔
