ذی الحج کا چاند نظر آ گیا، عید الاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ملک میں ذوالحج کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد پاکستان میں اسلامی مہینے ذوالحج کا آغاز ہو گیا ہے اور عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ذوالحج کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اس اجلاس میں مرکزی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ محکمہ موسمیات اور سپارکو (خلائی و بالائی فضائی تحقیقاتی ادارہ) کے ماہرین بھی موجود تھے تاکہ سائنسی اور فلکیاتی معلومات کی روشنی میں چاند کی رویت کا جائزہ لیا جا سکے۔
اسی کے ساتھ ملک بھر میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے، جہاں مختلف مقامات سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی نے باضابطہ اعلان کیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن کی تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ یکم ذوالحج کل بروز پیر ہوگی۔ اس فیصلے کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
