Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

حوثیوں نے اگر بحیرہ احمر کی ناکہ بندی پر امریکا خود کارروائی کرے گا، ایران معاہدہ چاہتا ہے: امریکی صدر

حوثیوں نے اگر بحیرہ احمر کی ناکہ بندی پر امریکا خود کارروائی کرے گا، ایران معاہدہ چاہتا ہے: امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر کی ناکہ بندی کی اپنی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا اس معاملے میں براہِ راست مداخلت کرے گا اور اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

لبنان کے صدر جوزف عون کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، ایران، حوثیوں اور لبنان سے متعلق امریکی مؤقف کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر میں جہاز رانی کو روکنے یا ناکہ بندی کی کسی بھی کوشش کو امریکا سنجیدگی سے لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حوثیوں نے اپنی دھمکی کو عملی جامہ پہنایا تو امریکا خود اس معاملے کو سنبھالے گا اور مناسب جواب دے گا۔

ایران کے حوالے سے امریکی صدر نے کہا کہ تہران حکومت شدت سے امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتی ہے اور دوبارہ مذاکرات کی خواہاں ہے۔ تاہم انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ امریکا کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے لبنان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کئی دہائیوں سے سیاسی، معاشی اور سلامتی کے بحرانوں کا شکار رہا ہے، لیکن امریکا اب لبنان کی بھرپور مدد کرنے جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان کے عوام بہتر مستقبل کے مستحق ہیں اور واشنگٹن ان کی معاونت کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں لبنان کے ساتھ بہت برا سلوک کیا گیا، لیکن ان کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لبنان کو وہ عزت، احترام اور تعاون ملے جس کا وہ حقیقی معنوں میں مستحق ہے۔

صدر ٹرمپ کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار ہے، بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی سلامتی سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں اور ایران کے جوہری پروگرام سمیت خطے کی مجموعی صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More