بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، 10 دہشت گرد ہلاک، دو خودکش حملہ آور خواتین گرفتار
راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر مشترکہ کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مربوط انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ضلع سوراب میں ہونے والی کارروائی کے دوران 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ضلع مستونگ میں 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مستونگ میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی دو مبینہ خودکش حملہ آور خواتین اور ایک سہولت کار کو بھی گرفتار کیا گیا، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
بیان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ چھپے ہوئے کسی بھی دہشت گرد کو تلاش کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ "عزمِ استحکام” کے قومی وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور دو خودکش بمبار خواتین سمیت ان کے سہولت کار کو گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے وطنِ عزیز کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قومی امن کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
