بی اے پی، ایم کیو ایم اور پی ایم ایل ق کا دہشتگردی کے خاتمے کے لئے فورسز کی مکمل حمایت کا اعلان
اسلام آباد: ایم کیو ایم، (ق) لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں (ق) لیگ کے رہنما چوہدری سالک، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی اور بی اے پی کے خالد مگسی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیام امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کا عزم دہرایا۔
سیاسی رہنماؤں نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں جانیں قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہر وقت کھڑے رہیں گے۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے تینوں جماعتوں کے رہنماؤں کو خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور امن قائم رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
