Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

بھارت اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے آزاد کشمیر میں کاروائی کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان

انشااللہ 2020 کا سال ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے

پنڈدادن خان (نیوز پلس) وزیر اعظم خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی حکومت کشمیر اور اپنے ملک میں مسلمانوں کے حوالے سے منظور کیے گئے قانون سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ آزاد کشمیر پر ضرور کوئی واردات کرے گا،اور میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی اس خدشے آگاہ کر چکا ہوں اور انہوں نے بھی کہا ہے کہ وہ تیار ہیں اور پاکستان مکمل طور پر تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنڈ دادن خان میں جلال پور نہر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے لائن آف کنٹرول پر آج شہید ہونے والے نوجوان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر جو ہو رہا ہے وہ ایسے ہی نہیں ہو رہا اور خدشہ ظاہر کی کہ بھارت اپنے داخلی مسائل سے دینا کی توجہ ہٹانے کے لیے کوئی کارروائی کر سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے کشمیر پر واردات کر کے 80لاکھ کشمیری عوام کو جیل میں ڈال کر بند کردیا اور اب اس بات کو 5ماہ ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اب ہندوستان کے لوگ اب نریندر مودی کے خلاف کھڑے ہوں گے اور صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہندو، سمکھ اور عیسائی سمیت سب کھڑے ہوں گے۔نریندر مودی مسلمانوں پر ظلم کر رہا ہے، پہلے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل کروایا اور پھر کشمیر میں جس طرح کا انہوں نے اسلحہ استعمال کیا اس کے نتیجے میں بچوں کی آنکھیں ضائع ہوئیں، پوری کشمیری قیادت کو نظربند کردیا اور پھر اس کے بعد دو قوانین منظور کر کے بھارت میں موجود 20کروڑ مسلمانوں کے ساتھ واردات کیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ظلم کا نظام اندر سے ہی ہندوستان کے لوگ ختم کریں اور پاکستان کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ مقامی افراد کو کس طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہاں زیادہ تر پانی نمکین ہے لیکن اس نہر سے جہلم، پنڈ دادن خان اور خوشاب سمیت سب علاقوں کی تقدیر بدل جائے گی جس پر میں آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے اس منصوبے کو شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 120سال پہلے شروع ہونا تھا اور بالآخر عثمان بزدار نے اس منصوبے کو شروع کیا کیونکہ اس طرح کے منصوبوں سے لوگوں کی تقدیریں بدلتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میانوالی کا سارا علاقہ ریگستان تھا لیکن نہرے آتے ہی وہ پورا علاقہ بدل گیا اور انشااللہ جلال پور نہر اس سارے علاقے کو بدلے گی کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ یہاں پینے کے پانی کا بہت مسئلہ ہے، یہاں میٹھا پانی نہیں ہے لیکن یہ نہر میٹھا پانی بھی دے گی اور اور پونے2لاکھ ایکڑ زمین کو زرخیز کرے گی۔وزیر اعظم نے قوم کو خوش خبری دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اب ہمارا روپیہ گرنا رک گیا ہے اور روپے کی قدر بہتر ہو رہی ہے اور پاکستان میں آنے والی ترسیلات زر بڑھ رہی ہے، 2019 میں ہم نے ملک کو مستحکم کیا اور انشااللہ 2020 کا سال ترقی اور نوکریاں دینے کا سال ہے اور 2020 کا سال پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والوں کے لیے مشکل سال ثابت ہو گا اور ان لوگوں کے لیے برا وقت آنے والا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More