بنگلادیشی ماڈل و اداکارہ ردھیکا ردھی مردہ حالت میں پائی گئیں، پولیس کی تحقیقات شروع
ڈھاکا: بنگلادیش کی معروف ماڈل و اداکارہ ردھیکا ردھی دارالحکومت ڈھاکا کے بشوندھرا رہائشی علاقے میں ہفتے کی صبح اپنی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں پائی گئیں، جس کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق ردھیکا ردھی کو صبح تقریباً 6 بجے ان کی رہائش گاہ سے تشویش ناک حالت میں برآمد کیا گیا۔ انہیں فوری طور پر کرمیٹولا جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
بھٹارا پولیس اسٹیشن کے انچارج مظہر الاسلام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد پولیس ٹیم اسپتال پہنچی، جہاں اداکارہ کی لاش موجود تھی۔ پولیس افسر کے مطابق ردھیکا ردھی کی والدہ اور دیگر اہل خانہ بھی پولیس اسٹیشن میں موجود ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بظاہر یہ خودکشی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ اور واقعے کے پسِ پردہ محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس اہل خانہ کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کرنے کی کارروائی بھی کر رہی ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ردھیکا ردھی ایک شخص کے ساتھ تعلق میں تھیں۔ پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح دونوں کے درمیان ویڈیو کال پر بحث ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر اداکارہ نے انتہائی قدم اٹھایا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی حتمی وجوہات سامنے آسکی
