Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

بریگزٹ معاہدے سے کھیل کھیلنا اب بند کرو:جرمنی کا برطانیہ کو انتباہ

لندن حکومت برطانیہ میں داخلی منڈی سے متعلق ایک ایسا نیا قانون منظور کروانا چاہتی ہے، جو بین الاقوامی قانون سے متصادم ہو گا۔ جرمن وزیر

برلن (مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی نے برطانیہ سے دو ٹوک الفاظ کہا ہے کہ بریگزٹ معاہدے کے حوالے سے کھیل کھیلنا اب بند کرو۔تفصیلات کے مطابق لندن میں وزیر اعظم بورس جانسن کی قدامت پسند حکومت ملکی پارلیمان کے ذریعے ایسی قانون سازی کرنا چاہتی ہے، جس کے تحت وہ بریگزٹ معاہدے کے حوالے سے خود پر عائد ہونے والی ذمے داریوں سے بری ہو سکے۔

اس پس منظر میں جرمنی کے یورپی امور کے وزیر مملکت میشائل رَوتھ نے کہا کہ جانسن حکومت کو اب دراصل یورپی یونین کے ساتھ اس تجارتی معاہدے کی فکر کرنا چاہیے، جس کو حتمی شکل دینے کے لیے اس کے پاس بہت ہی کم وقت بچا ہے۔ میشائل رَوتھ برسلز میں یورپی یونین کے وزراء کے اس اجلاس سے پہلے صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے، جس کا مقصد یونین کی اسی ہفتے ہونے والی ایک سربراہی کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا ہے۔

جرمن وزیر نے کہا کہ یہ بات بہت ہی پریشان کن ہے کہ لندن حکومت برطانیہ میں داخلی منڈی سے متعلق ایک ایسا نیا قانون منظور کروانا چاہتی ہے، جو بین الاقوامی قانون سے متصادم ہو گا۔

میشائل رَوتھ نے کہا کہ میں لندن میں اپنے دوستوں سے کہوں گا کہ وہ بریگزٹ ڈیل سے متعلق کھیل کھیلنا بند کریں۔ ان کے پاس اب بہت ہی کم وقت بچا ہے۔ ہمیں لندن کے ساتھ مزید مذاکرات کے لیے منصفانہ بنیادوں کی ضرورت ہے اور ہم انہی بنیادوں پر مزید بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ یورپی یونین بریگزٹ سے متعلق جس مجوزہ برطانوی قانون پر تنقید کر رہی ہے، وہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے دارالعوام میں منظور کر لیا جائے گا۔ اس مجوزہ قانون سازی کی وجہ سے برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین ایک تجارتی معاہدے کے لیے مذاکرات بھی انتشار کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس قانون کے ذریعے برطانیہ یورپ کے ساتھ اپنے بین الاقوامی معاہدے پورا کرنے کی اخلاقی ذمے داری سے بچنا چاہتا ہے۔

اس بارے میں جرمن وزیر رَوتھ نے کھل کر کہہ دیا کہ برطانیہ کے ساتھ کسی تجارتی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ہونے والی بات چیت کے اب تک کے نتائج برسلز کے لیے انتہائی ناامید کر دینے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جانسن حکومت جس بل کو داخلی منڈی سے متعلق قانون سازی کے طور پر منظور کروانا چاہتی ہے، وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے معاہدے کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔ ایسی کوئی قانون سازی یورپ کے لیے قطعی ناقابل قبول ہو گی۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More