پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ملاقات
پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تجارت، کاروباری تعاون اور ٹریڈ ڈائیلاگ کو مزید مضبوط اقتصادی و تجارتی فریم ورک میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد: (نیوز پلس ) پاکستان اور برطانیہ نے دوطرفہ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے، کاروباری اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور موجودہ پاکستان-برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو ایک زیادہ منظم اقتصادی و تجارتی فریم ورک میں تبدیل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان وزارت تجارت میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔ ملاقات میں سیکریٹری تجارت جواد پال اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت پاکستان محصولات میں اصلاحات، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریگولیٹری اصلاحات کے ذریعے ملکی مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحکم ٹیرف پالیسی، آسان مالیاتی سہولتیں اور صنعتوں کے لیے کم لاگت خام مال چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs)، ای کامرس شعبے اور برآمدی صنعتوں کو نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔
جام کمال خان نے افریقہ اور وسطی ایشیا کو پاکستانی برآمدات کے لیے ابھرتی ہوئی اہم منڈیاں قرار دیتے ہوئے معیار، سرٹیفکیشن، ٹریس ایبلٹی، ماحولیاتی تقاضوں اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون پر زور دیا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ موجودہ پاکستان-برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ کو ایک مضبوط ادارہ جاتی نظام میں تبدیل کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہا ہے، جس میں مختلف شعبوں کے لیے مخصوص ورکنگ گروپس اور عملدرآمد کی واضح مدت مقرر کی جائے گی۔
سیکریٹری تجارت جواد پال نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو مشترکہ ورکنگ گروپس پہلے ہی فعال ہیں جبکہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اضافی ورکنگ گروپس کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے یو کے-پاکستان بزنس کونسل کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کونسل دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان روابط، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی منصوبوں کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
جواد پال نے مزید بتایا کہ پاکستان دانشورانہ املاک (Intellectual Property) کے تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنا رہا ہے اور انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن آف پاکستان (IPO-Pakistan) کے نئے چیئرمین کی تقرری بھی جلد متوقع ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے قریبی رابطے برقرار رکھنے اور رواں سال خزاں کے موسم میں اسلام آباد میں آئندہ پاکستان-برطانیہ ٹریڈ ڈائیلاگ منعقد کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
