بدلتے سیکیورٹی چیلنجز میں سابق فوجیوں کا تجربہ قیمتی اثاثہ ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر
مسلح افواج کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم، ویٹرنز کا اعلان
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے سیکیورٹی چیلنجز میں سابق فوجیوں کا تجربہ قیمتی اثاثہ ہے۔
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے اور پیچیدہ سیکیورٹی ماحول میں پاک فوج کے سابق فوجیوں (ویٹرنز) کا تجربہ، رہنمائی اور قومی خدمت کا جذبہ ایک قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، جس سے مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یومِ آزادی کے موقع پر آرمی چیف نے پاک فوج کے سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک خصوصی استقبالیہ دیا، جس میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ویٹرنز نے اپنی زندگی کا بہترین حصہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور قومی استحکام کے لیے وقف کیا، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے دور میں سابق فوجیوں کا عملی تجربہ اور پیشہ ورانہ بصیرت نوجوان نسل اور مسلح افواج کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنے ویٹرنز کو ادارے کا مضبوط ستون سمجھتی ہے اور ان کی وابستگی قومی دفاع کو مزید مستحکم بناتی ہے۔
دریں اثنا تقریب میں شریک سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ابھرتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز، قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مسلح افواج کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
