Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، علاقائی صورتحال کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت کی امید

ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے، علاقائی صورتحال کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت کی امید

اسلام آباد: ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

استقبالیہ تقریب کے دوران وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے ایرانی وزیر داخلہ کو گلدستہ پیش کیا، جبکہ محسن نقوی نے اسکندر مومنی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے ایرانی وزیر داخلہ اپنے اس دورے میں دونوں ممالک کے لیے خوش آئند پیش رفت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات انتہائی مضبوط ہیں اور ایرانی وزیر داخلہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتحال کے حوالے سے بھی مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ کے ہمراہ آنے والے اعلیٰ سطحی وفد میں گورنر جنرل سیستان و بلوچستان، ایران کے نائب وزیر داخلہ، نائب وزیر برائے اربن ڈویلپمنٹ و ٹرانسپورٹ، نیشنل ایرانی آئل کمپنی کے سربراہ، وزیر زراعت کے خصوصی نمائندے سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

دورہ پاکستان کے دوران ایرانی وزیر داخلہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تفصیلی ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاک ایران تعلقات، سرحدی تعاون، تجارت، توانائی، سکیورٹی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کہا کہ اپنے بھائی محسن نقوی سے دوبارہ ملاقات کرکے انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مثالی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

اسکندر مومنی نے پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ پاکستان کے خلوص اور محبت کے معترف رہے ہیں۔ اس موقع پر محسن نقوی نے اظہارِ امید کیا کہ ایرانی وزیر داخلہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دے گا اور باہمی تعاون کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More