Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

اسرائیل کے تناظر میں تمام مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا، دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی بنیاد ہے: خواجہ آصف

اسرائیل کے تناظر میں تمام مسلم ممالک کو متحد ہونا ہوگا، دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی بنیاد ہے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی اور عالمی صورتحال، خصوصاً اسرائیل کے تناظر میں تمام مسلم ممالک کو اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہیے، جبکہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ تینوں ممالک کو دہشت گردی سمیت مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، اسی لیے ان کے درمیان دفاعی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کی تمام تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے پوری امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد کا ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، تاہم اس اقدام کا مقصد کسی بھی مسلم ملک کو الگ کرنا نہیں بلکہ دیگر اسلامی ممالک کے لیے بھی اس اتحاد کے دروازے کھلے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے متعلق بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر تمام مسلم ممالک کو مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرتے ہوئے متحد ہونا ہوگا تاکہ امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفادات کا مؤثر انداز میں دفاع کیا جا سکے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا میں وسیع تر اتحاد کی شروعات ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ مسلم ممالک کے درمیان موجود اختلافات بھی اسی پلیٹ فارم کے ذریعے مذاکرات اور باہمی تعاون سے حل ہونے چاہییں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلامی ممالک باہمی اعتماد اور تعاون کو فروغ دے کر خطے میں امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More