اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات، پاک ترک تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
اسلام آباد/استنبول: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے استنبول میں ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، دفاعی و سکیورٹی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مسلسل مضبوطی اور توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں جانب سے پاکستان-ترکیہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل (HLSCC) کے فریم ورک کے تحت ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں وزرائے خارجہ نے کونسل کے آئندہ اجلاس کے جلد انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں علاقائی اور عالمی اہمیت کے مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی مشاورت اور رابطوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
اسحاق ڈار اور حاقان فیدان کی ملاقات ایک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ملاقات میں پاکستان کی جانب سے خصوصی سیکریٹری اقوام متحدہ نبیل منیر، ڈائریکٹر جنرل اقوام متحدہ عمر صدیق، فرسٹ سیکریٹری قاضی سلیم اور وزیر خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر آغا حنین بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو دونوں ممالک کی خارجہ پالیسی میں خصوصی اہمیت حاصل ہے، جبکہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کو دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مزید مستحکم کرنے کا اہم پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔
