Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

اب یا کبھی نہیں کا مرحلہ آ گیا، وزیر اعظم شہباز شریف

اب یا کبھی نہیں کا مرحلہ آ گیا، وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ "اب یا کبھی نہیں” کا مرحلہ آ گیا ہے ،وقت کا ضیاع برداشت نہیں کروں گا، قرض کی نہیں اب سرمایہ کاری کی بات کروں گا، اشیائے  خورد خرد ونوش اور روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے فی الفور کمیٹی قائم کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اشیاء خورد ونوش اور روزمرہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کیلئے فی الفور کمیٹی قائم کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت نئی منتخب وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعظم ہائوس میں منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کابینہ شرکاء سے گفتگو میں نئی منتخب حکومت کا روڈ میپ واضح کیا۔ وزیراعظم نے نومنتخب کابینہ اراکین کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں ہدایت جاری کہ ملک میں اشیاء خورونوش اور روز مرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کے کنٹرول کے لئے فی الفور ایک کمیٹی قائم کی جائے جو کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر اشیاء خورونوش اور روزمرہ کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر کیلوں اور پیاز کی برآمد پر 15 اپریل 2024 تک پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ پابندی رمضان المبارک کے مہینے کے دوران کیلوں اور پیاز کی مارکیٹ میں وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے عائد کی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیدرلینڈ کے شہری محمد اورنگزیب کی پاکستانی شہریت دوبارہ حاصل کرنے کی درخواست منظور کرنے کی اجازت دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت انسداد منشیات کی سفارش پر میجر جنرل عبدالمعید ہلال امتیاز ملٹری کی بطور ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس تعیناتی کی منظوری دے دی۔

بشکریہ: اے پی پی

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More