Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع،سیاستدانوں کا خیر مقدم

وزیراعظم نے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

 

اسلام آ باد (نیوز پلس)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 برس کی توسیع کے فیصلے کا سیاستدانوں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔آر می چیف کی مدت ملازمت کی توسیع کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر،افغانستان کی صورتحال کے پیش نظرمدت ملازمت میں توسیع کی، مقبوضہ وادی کے اصل حقائق کرفیو اٹھنے کے بعد سامنے آئیں گے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ’آج دنیا کو پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز اور کشمیریوں کے مابین تصادم کی اطلاعات ہیں۔وفاقی وزیر برائے ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’آرمی چیف کی عہدے میں توسیع کا نوٹیفیکیشن موجودہ سیکیورٹی حالات کی سنجیدگی کا ادراک ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’ہم تاریخ کے اہم دوراہے پر ہیں اور جنرل باجوہ پاکستان کی سیکیورٹی پالیسی کے تسلسل کی علامت ہیں، انہوں نے کہا کہ ’امید ہے اس فیصلے کو تاریخ میں جگہ ملی گی اور پاکستان کے استحکام کیلئے یہ فیصلہ سنگ میل ثابت ہو گا۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق وزیراعظم کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت جنگ کی صورتحال میں ہے۔چوہدری سرور نے کہا کہ بھارت نہیں چاہتا کہ افغانستان میں امن ہو، افغانستان میں امن ہو گا تو اس کا فائدہ پاکستان کو ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری کو کھولنے کے منصوبے پر بھی بھارت خوش نہیں ہے۔وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے کا کہنا تھاکہ ’وزیراعظم کا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ خوش آئند ہے، پاکستان کے موجوہ حالات میں آرمی چیف وقت کی ضرورت ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More