Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

کور کمانڈر کانفرنس: ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی ہر کوشش سختی سے ناکام بنائیں گے، آئی ایس پی آر

کور کمانڈر کانفرنس: ہائبرڈ وارفیئر کے ذریعے بدامنی پھیلانے کی ہر کوشش سختی سے ناکام بنائیں گے، آئی ایس پی آر

پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا مکمل حق رکھتا ہے۔ کانفرنس اعلامیہ

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشت گردی، علاقائی صورتحال، سندھ طاس معاہدے، کشمیر اور قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں اور مؤقف کا اعادہ کیا گیا۔

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 276ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات، علاقائی صورتحال اور قومی دفاع سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔

کانفرنس کے آغاز میں وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، اتحاد اور استحکام کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔ شرکاء نے افغانستان میں افغان طالبان کے زیرِ تسلط علاقوں سے پاکستان کے خلاف بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کی مبینہ سرگرمیوں اور حملوں کی منصوبہ بندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے نہ روکا جائے۔ فورم نے اس حوالے سے افغان طالبان کی قیادت پر ذمہ داری عائد کی کہ وہ اپنے زیرِ انتظام علاقوں کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

کانفرنس نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عوام کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا مکمل حق رکھتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق آپریشن "غضب للحق” کے تحت انٹیلی جنس کی بنیاد پر دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں مؤثر گورننس، مضبوط انتظامی ڈھانچہ اور عوامی فلاح پر مبنی نظام قائم کرنا ناگزیر ہے تاکہ دہشت گردی، جرائم اور ان کی سیاسی سرپرستی کے ممکنہ گٹھ جوڑ کا خاتمہ کیا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہا کہ "معرکۂ حق” میں شکست کے بعد دشمن ہائبرڈ وارفیئر، پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم بیرونی سرپرستی میں ہونے والی ہر ایسی کوشش کو بھرپور اور مؤثر انداز میں ناکام بنایا جائے گا۔

کانفرنس میں علاقائی امن، کشیدگی میں کمی اور استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا گیا۔

فورم نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کے حالیہ بیانات کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے 24 اپریل 2025 کے فیصلے اس معاملے پر پاکستان کا واضح مؤقف بیان کرتے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق افواجِ پاکستان حکومتی ہدایات اور عوامی امنگوں کے مطابق ملک کے جائز آبی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گی۔

کور کمانڈرز نے ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جبکہ خطے میں دیرپا امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے سے ہی ممکن ہے۔

کانفرنس کے اختتام پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام کمانڈرز کو ہدایت کی کہ جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق ملٹی ڈومین ٹرانسفارمیشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور قومی مفادات کا ہر صورت تحفظ کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More