ورلڈ ڈیفنس شو 2026: پاکستان کا جدید ’SMASH‘ ہائپرسونک میزائل متعارف
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 کے موقع پر پاکستان کی دفاعی کمپنی گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز (GIDS) نے ’اسمیش‘ (SMASH) نامی ہائپرسونک اینٹی شپ بیلسٹک میزائل متعارف کرا دیا ہے۔
یہ جدید میزائل نہ صرف سمندری اہداف بلکہ زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ غیر ملکی دفاعی ویب سائٹس کے مطابق، کمپنی کا کہنا ہے کہ اسمیش میزائل کو انتہائی تیز رفتار، اعلیٰ درستگی اور تقریباً عمودی زاویے سے حملہ کرنے کی صلاحیت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد جدید فضائی اور میزائل دفاعی نظاموں کو ناکام بنانا ہے۔
اینٹی شپ سیٹنگ میں اسمیش میزائل کی رینج 290 کلومیٹر بتائی گئی ہے، جس میں 384 کلوگرام وزنی وارہیڈ نصب ہے۔ نیویگیشن کے لیے ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ایکٹو ریڈار سیکر استعمال کیا گیا ہے۔
میزائل میں سنگل اسٹیج، ڈوئل تھرسٹ سالڈ راکٹ موٹر نصب ہے۔ کمپنی کے مطابق اس کی درستگی (CEP) 10 میٹر یا اس سے کم ہے جبکہ ٹرمینل فیز میں اس کی رفتار آواز سے دو گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
زمینی اہداف کے لیے تیار کردہ ورژن میں بھی میزائل کی رینج 290 کلومیٹر رکھی گئی ہے، تاہم اس میں وارہیڈ کا وزن بڑھا کر 444 کلوگرام کر دیا گیا ہے۔ اس سیٹنگ میں نیویگیشن مکمل طور پر ایچ ڈی جی این ایس اسسٹڈ انرشیل نیویگیشن سسٹم پر انحصار کرتی ہے۔
اس ورژن میں بھی وہی سنگل اسٹیج، ڈوئل تھرسٹ راکٹ موٹر استعمال کی گئی ہے، جبکہ اس کی درستگی 15 میٹر یا اس سے کم اور رفتار آواز سے دو گنا زیادہ بتائی گئی ہے۔
