معرکہ حق: بھارت کے 7،6 مئی کی شب پاکستان پر بزدلانہ حملے میں 40 شہری اور 11 جوان وطن قربان
آئندہ کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: آئی ایس پی آر
راولپمڈی: بھارتی مسلح افواج نے 6اور 7 مئی 2025 کی شب پاکستان پر بزدلانہ حملے کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جس میں پاکستان مسلح افواج کے 11 جوان وطن پر قربان ہو گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 40 شہری شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکہ حق کے دوران وطن کا تحفظ کرتے ہوئے 11 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا جبکہ عام شہریوں پر جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
پاکستانی افواج نے ’’معرکۂ حق‘‘ کے تحت بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔ ’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ کے ذریعے دشمن کو نشانہ بناتے ہوئے، پاکستانی افواج نے دشمن کی پوزیشنز پر انتہائی درستگی سے جوابی حملے کیے۔
وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے پاک افواج کے 11 جانباز سپوت شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے جبکہ 78 اہلکار زخمی ہوئے۔
شہدائے پاک مسلح افواج کے نام درج ذیل ہیں:-
نائیک عبدالرحمن ، لانس نائیک دلاور خان ، لانس نائیک اکرام اللہ ، نائیک وقار خالد ، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔
پاک فضائیہ:-
اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف ، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب ، سینئیر ٹیکنیشن نجیب ، کارپورل ٹیکنیشن فاروق ، سینئیر ٹیکنیشن مبشر
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی یہ عظیم قربانیاں جرأت، ایثار اور بے مثال حب الوطنی کی روشن علامت ہیں جو ہمیشہ قوم کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔ پاکستانی مسلح افواج اور پوری قوم، شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔
آئی ایس پی آر کے کہنا ہے کہ قوم دشمن کی ہر جارحیت کے خلاف پرعزم ہے اور کوئی غلط فہمی نہ رہے۔ پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی بھی جارحیت کی آئندہ کوشش کا بھرپور ، فیصلہ کن اور محاذ پر جواب دیا جائے گا، انشاءاللہ
پاکستان زندہ باد —— افواج پاکستان پائندہ باد