فلسطین فلسطینیوں کا ہے ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق بیان پر ترجمان دفترِ خارجہ شفقت علی خان نے صحافیوں کے سوالات پر ردِعمل ظاہر کر دیا۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران شفقت علی خان نے کہا ہے کہ فلسطین اور فلسطینیوں کے کاز کے لیے پاکستان نے ہمیشہ حمایت کی، پاکستان کی فلسطین سے متعلق پوزیشن واضح ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، پاکستان اسرائیل کی طرف سے غزہ میں مظالم کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کا جنگی جرائم پر محاسبہ کرے، پاکستان کی فلسطین کے بارے میں پوزیشن بڑی واضح ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ غزہ کے عوام کی منتقلی کی بات غیر منصفانہ، تکلیف دہ اور تشویش ناک ہے، ہم فلسطینیوں کی خواہش کے مطابق دو ریاستی حل کے حامی ہیں، جو فلسطینی چاہتے ہیں ہم اس کی حمایت کرتے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ہماری ہر بریفنگ میں فلسطین کے مسئلے پر بات ہوتی ہے، پاکستان فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا امریکا کا دورۂ دفترِ خارجہ کے ذریعے طے نہیں ہوا، ان کے دورے پر ان کے پارٹی ترجمان تبصرہ کر سکتے ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے دورہ چین میں پاکستان کی ون چائنہ پالیسی کا اعادہ کیا،پاکستان اور چین نے دفاعی تعاون کا جائزہ لیا اور علاقائی توازن پر زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی واپسی غیر قانونی نہیں ہے، ہم افغانوں کی تیسرے ملک منتقلی کے حوالے سے متعلقہ ممالک سے رابطے میں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے افغان افغان حکومت اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ہم ابتدائی مراحل میں ہیں، ہم جلد ہی اس حوالے سے تفصیلی نقاب کشائی کریں گے، ہم معتدل و پرامن شام اور وہاں سے بے یقینی و مسائل کے خاتمے کی حمایت کرتے ہیں۔