Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد میں رہیں گے، علی امین گنڈاپور

عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد میں رہیں گے، علی امین گنڈاپور
بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت میں عمل کروں گا
مطالبات کی منظوری کے لیے ہر حد تک جائیں گے، وزیر اعلی کے پی کا انٹرویو و اجلاس میں گفتگو

پشاور:    وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور  نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک اسلام آباد میں رہیں گے، عمران خان کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت عمل کروں گا۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایک بار پھر کہا کہ حکومت سے مذاکرات کا آغاز بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے بعد ہو گا۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کا جو حکم ملا ہے اس پر ہر صورت میں عمل کروں گا، میرا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے جو وہ کہیں گے کروں گا، میں اور پی ٹی آئی کارکن ہر صورت میں ڈی چوک پر پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی اور دیگر قیدیوں کی رہائی اور مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد میں رہیں گے، گزشتہ احتجاج میں بھی راستے بند ہونے کے باوجود اسلام آباد پہنچے تھے، وفاق اور پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں موٹر وے اور شاہراہیں بند کر دیں۔

وزیر اعلی کے پی کا کہنا تھا ہمارا احتجاج پر امن ہے حکومت ملک کو بلاک کرکے عوام کو تکلیف پہنچا رہی ہے اس سے قبل وزیر اعلی ہاوس پشاور میں تحریک انصاف کے بڑوں کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہوا جس میں وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، سابق صدر عارف علوی، شبلی فراز، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم اور دیگر رہنماوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں وفاقی و پنجاب حکومت موٹروے اور شاہراہیں بند نہ کرے، تحریک انصاف کے احتجاج سے حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، حکومت نے ملک بند کرکے ہمارا احتجاج خود ہی کامیاب بنادیا ہے، ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، حکومت ملک بلاک کرکے عوام کو تکلیف دے رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی ایک کال سے حکومت کے اوسان خطاہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا مطالبہ عمران خان اور کارکنوں کی رہائی ہے، اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے، کل کے احتجاج میں اووررسیز پاکستانی بھی حصہ لیں۔وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں اگر ہمارا نقصان ہوا تو وفاقی حکومت ذمہ دار ہوگی، حکومت نے گولیاں چلائیں اور تشدد کیا تو نقصان کی ذمہ دار ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More