سیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوامیں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد سرغنہ سمیت 15 خوارک ہلاک
پہلی کاروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان جبکہ دوسری کاروائی شمالی وزیرستان کے عالقے دتہ خیل میں کی گئی
راولپنڈی: (نمائندہ خصوصی) خبیر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 15 دہشت گرد ہلاک کر دئیے، ہلاک ہونے والوں میں گروہ کا سرکردہ کمانڈر عالم محسود بھی شامل تھا۔
تفصیلات کے مطابق 15 اور 16 نومبر کو خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گرد مارے گئے۔
پہلی کارروائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں 10 خوارج ہلاک ہوئے۔
ہلاک ہونے والوں میں گروہ کا سرکردہ کمانڈر عالم محسود بھی شامل تھا۔ دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے دتاخیل میں کی گئی۔ جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رکھیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے 15 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ15 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ بہادر سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے۔
انہوں نے کہا کہ قوم خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کاروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشنز جاری رہیں گے۔
