حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 74 روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں معاشی بہتری اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ریلیف کو فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کمی کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے عوام کو درپیش مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بحران کے آغاز سے ہی دستیاب وسائل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے۔ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے ذریعے 129 ارب روپے استعمال کرتے ہوئے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کردی
