Newspulse - نیوز پلس
پاکستان، سیاست، کھیل، بزنس، تفریح، تعلیم، صحت، طرز زندگی ... کے بارے میں تازہ ترین خبریں

بلوچستان میں دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کا سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 7 جوان شہید

بلوچستان میں دہشت گرد تنظیم بی ایل اے کا سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 7 جوان شہید

بھارتی ایما پر کام کرنے والی تنظیم کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر

 

بلوچستان میں کالعدم تنظیم نام نہاد’ بلوچ لبریشن آرمی’ (بی ایل اے) کے بزدلانہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 جوان شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 6 مئی کو بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں بھارتی ایما پر کام کرنے والی کالعدم تنظیم نام نہاد ’بلوچ لبریشن آرمی‘ کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس بزدلانہ حملے کے نتیجے میں وطن کے 7 سپوت شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہدا میں صوبیدار عمر فاروق، نائیک آصف خان، نائیک مشکور، علی سپاہی طارق نواز، سپاہی واجد احمد فیض، سپاہی محمد عاصم، سپاہی محمد کاشف خان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے  بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جا سکے۔

علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اس گھناؤنے فعل کے مرتکب عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت اور اس کے ایجنٹوں کے مذموم عزائم ان شاء اللہ، پاکستانی سیکیورٹی فورسز، ریاستی اداروں اور عوام کی جرات اور یکجہتی کے سامنے ناکام ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More