امریکا اور سعودی عرب کے درمیان 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر تاریخی معاہدہ
دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجیک ایکنامک پارٹنرشپ ڈاکیومنٹ پر دستخط کئے گئے
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کے بعد وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔
وائٹ ہاؤس کے اعلان کے مطابق یہ معاہدے توانائی، دفاع، خلائی تحقیق، معدنی وسائل، ٹیکنالوجی، اور وبائی امراض سے متعلق تعاون پر مشتمل ہیں امریکی محکمہ انصاف کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) بھی شامل ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان قانونی شعبے میں تعاون کی راہ ہموار کرے گی۔
دفاع کے شعبے میں امریکہ اور سعودی عرب نے تاریخ کے سب سے بڑے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے، جس کی مالیت تقریباً 142 ارب ڈالر ہے اس معاہدے کے تحت سعودی عرب کو امریکہ کی جدید ترین جنگی ٹیکنالوجی، ہتھیاروں اور خدمات تک رسائی حاصل ہو گی جو ایک درجن سے زائد امریکی دفاعی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔
وہائٹ ہاؤس نے اس معاہدے کو امریکہ اور سعودی عرب کے تعلقات میں ایک "نئے سنہری دور” کا آغاز قرار دیا جو دونوں ممالک کو نہ صرف باہمی طور پر قریب لائے ھا بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مضبوط پیغام دے گا۔