احسن اقبال کی آکسفورڈ یونین مکالمے میں شاندار فتح
کامیابی پاکستان اور عالمی جنوب کیلئے اہم سفارتی اور فکری جیت ہے، وزارت منصوبہ بندی
خود کو انسانی حقوق کا چمپئن کہنے والی عالمی طاقتیں،مظلوم عوام پر ہونیوالے مظالم پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں وفاقی وزیر
اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے آکسفورڈ یونین مکالمے میں شاندار فتح حاصل کر لی۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق احسن اقبال نے لبرل جمہوریت کے عالمی جنوب میں ناکامی کے خلاف مدلل مقف اپنایا،
انہوں نے مکالمے میں 180کے مقابلے میں 145ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔اعلامیہ میں بتایا گیا کہ احسن اقبال کو آکسفورڈ یونین کے صدر اسرار کاکڑ کی دعوت پر مکالمے میں شرکت کا موقع ملا،عالمی فورم پر علمی اور فکری مباحث کے حوالے سے ایک منفرد مقام حاصل ہے۔
احسن اقبال نے ترقی پذیر ممالک کے حقوق عالمی انصاف کیلئے مضبوط اور مدلل مقدمہ پیش کیا، فورم پر کامیابی حاصل کرنا کسی بھی عالمی رہنما کے لیے بڑا چیلنج ہوتا ہے، احسن اقبال نے مہارت، حقائق پر مبنی دلائل اور مدلل گفتگو کے ذریعے یہ کامیابی حاصل کی۔
وزرات منصوبہ بندی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ کامیابی پاکستان اور عالمی جنوب کیلئے ایک اہم سفارتی اور فکری جیت ہے، جن ممالک نے لبرل جمہوریت کا نعرہ بلند کیا، وہی آج انتہا پسندی، نفرت اور عدم مساوات کا شکار ہیں۔
احسن اقبال نے مکالمے میں کہا کہ کشمیر اور فلسطین دونوں خطے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، خلاف ورزیاں کرنے والی عالمی طاقتیں خود کو انسانی حقوق کا چیمپئن کہتی ہیں، مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہیں۔