کسی کو پاکستان کا امن چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے، اس وقت ہم افغان رجیم کو جواب دے رہے ہیں، طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور حکومت ہمیشہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دیتی رہی ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے سرحد پر بلااشتعال کارروائی کی گئی، جس کا سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چترال، خیبر، مہمند، کرم اور باجوڑ کے مختلف سیکٹرز میں جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان فورسز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک کے بازاروں اور مساجد میں دہشتگردی کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، تاہم دہشتگردی کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح مشرقی سرحد پر بھرپور جواب دیا گیا تھا، اسی عزم کے ساتھ مغربی سرحد پر بھی قومی سلامتی کا دفاع کیا جائے گا۔