کراچی میں جدید لاجسٹکس نظام کی بنیاد، پپری ملٹی لاجسٹکس پارک کی تعمیر جاری

کراچی میں جدید لاجسٹکس نظام کی بنیاد، پپری ملٹی لاجسٹکس پارک کی تعمیر جاری

 بندرگاہوں تک کارگو کی ترسیل کا جدید نظام قائم کیا جا رہا ہے

کراچی: وزیراعظم کی ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت پپری ملٹی لاجسٹکس پارک کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے کراچی کی بندرگاہوں تک کارگو کی ترسیل کا جدید اور مؤثر نظام قائم ہوگا، جس سے نہ صرف مال برداری کا عمل تیز ہوگا بلکہ شہر میں بھاری ٹریفک کے دباؤ میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل لاجسٹک کارپوریشن (این ایل سی) سندھ، انجینئر الطاف قادر باجوہ کے مطابق نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور ڈی پی ورلڈ کے اشتراک سے 2.46 ارب روپے مالیت کا منصوبہ زیرِ تکمیل ہے۔ منصوبے کے تحت کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کو آپس میں جوڑنے کے لیے ڈیڑھ کلومیٹر طویل ریلوے لنک تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ پپری میں جدید ریلوے فریٹ کنٹینر ٹرمینل اور ملٹی لاجسٹکس پارک بھی قائم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں جدید ویئر ہاؤسز، کنٹینر اسٹوریج یارڈ، وہیکل پارکنگ، انتظامی بلاکس اور دیگر معاون سہولیات تعمیر کی جا رہی ہیں۔ 37 ہزار 700 مربع میٹر پر مشتمل ہارڈ اسٹینڈنگ ایریا میں ایک وقت میں 260 کنٹینرز اور ٹرکوں کو رکھنے کی گنجائش ہوگی، جس سے کارگو ہینڈلنگ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انجینئر الطاف قادر باجوہ کے مطابق اپ کنٹری سے آنے والے ٹریلرز کو براہِ راست شہر میں داخل ہونے کے بجائے پپری لاجسٹکس پارک منتقل کیا جائے گا، جہاں سے کارگو کو ریل کے ذریعے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم تک پہنچایا جائے گا۔ اس جدید نظام سے سڑکوں پر بھاری ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور بندرگاہوں تک سامان کی ترسیل زیادہ تیز، محفوظ اور کم لاگت میں ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد روزانہ کراچی میں داخل ہونے والے 250 سے 500 ٹریلرز کا بوجھ کم ہونے کی توقع ہے۔ پپری ملٹی لاجسٹکس پارک نہ صرف بندرگاہی رابطوں کو مضبوط بنائے گا بلکہ قومی لاجسٹکس نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے، تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور سپلائی چین کی استعداد بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

پپری ملٹی لاجسٹکس پارک
Comments (0)
Add Comment