پی سی بی نے سخت مؤقف اپنا لیا ، میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ پاکستان کو ناقابل قبول ، ہٹانے کا مطالبہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطالبے پر میچ ریفری کو تبدیل نہ کئے جانے کی صورت میں پاکستان نے ایشیا کپ کے مزید کسی میچ میں حصہ نہ لنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے خلاف اقدامات کیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپرٹ آف دی کرکٹ کی پاسداری نہ کرنے پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو خط لکھ کر میچ ریفری پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو پارسل کو ہٹانےکا مطالبہ کیا ہے۔
بھارتی کھلاڑیوں نے دانستہ طور پر پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ نہ ملا کر کھیل کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، میچ ریفری نے جان بوجھ کر کپتانوں کو ہاتھ ملانے سے روکا۔
یہ بھی خبریں پڑھیں: محسن نقوی کا بھارتی رویے پر سخت ردعمل
واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہو گا، اینڈی پائی کرافٹ نےاس سے قبل پاکستان میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر اینڈریو رسل نے کہا تھا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔
آئی سی سی اور ایم سی سی کو لکھے گئے خط میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایم سی سی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپرٹ آف دی گیم کو بار بار دہرایا لیکن میچ ریفری نے اپنی ذمےداریوں کو نہیں نبھایا۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی اور اسپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ اسپرٹ صف دی گیم اور ایم سی سی قوانین کے منافی ہے پی سی بی سمجھتا ہے کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے ۔