پی آر اے پاکستان کی نومنتخب باڈی نے پی آر اے پاکستان کا چارج سنبھال لیا
پی آر اے پاکستان الیکشن کمیٹی نے آفس چارج اور عہدیداروں کے نوٹیفکیشن نو منتخب باڈی کے سپرد کردیئے۔
آفس چارج اور نوٹیفکیشن کی سپردگی کی تقریب میں سابق صدر پی آر اے عثمان خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی آر اے پاکستان کی الیکشن کمیٹی نے 2 اکتوبر 2025 کو پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی نومنتخب باڈی کو پی آر اے آفس پارلیمنٹ ہاوس میں نوٹیفکیشن اور آفس چارج سپرد کردیا ہے۔ چئیرمین الیکشن کمیٹی طارق سمیر نے دیگر ممبران اعجاز احمد اور ناصر نقوی، ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی پاکستان ظفر سلطان، ڈائریکٹر میڈیا سینیٹ آف پاکستان محمد اسداللہ خان کے ہمراہ نومنتخب باڈی کی کامیابی کے نتائج و نوٹیفکیشن اور آفس چارج نو منتخب صدر ایم بی سومرو اور سیکرٹری نوید اکبر کے سپرد کئے جبکہ سابق فنانس سیکرٹری اصغر چودھری نے نومنتخب فنانس سیکرٹری شاکر عباسی کو مالیاتی امور پر بریفنگ دی اور چارج سپرد کیا۔
سابق صدر پی آر اے پاکستان عثمان خان نے نومنتخب باڈی کا پی آر اے پاکستان کے ایگزیکٹو افس پارلیمنٹ ہاوس میں استقبال کیا اور آئندہ دو سال کے لئے باڈی کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ نومنتخب باڈی نے سابق صدر عثمان خان اور سابق سیکریٹری فنانس اصغر چودھری کی پی آر اے پاکستان کے لئے دو سال میں خدمات کو سراہا اور آئندہ بھی ملکر چلنے پر اتفاق کیا۔
چیئرمین الیکشن کمیٹی طارق سمیر نے نومنتخب باڈی کو مبارکباد دی اور تمام عہدیداروں کو پارلیمانی صحافیوں کی فلاح و بہبود اور تنظیم کو مضبوط بنانے پر گائیڈ لائن دی جبکہ باڈی نے تین رکنی الیکشن کمیٹی کو شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانے اور اپنی ذمہ داری احسن انداز سے نبھانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ نومنتخب باڈی نے ڈائریکٹر جنرل میڈیا قومی اسمبلی پاکستان ظفر سلطان، ڈائریکٹر میڈیا سینیٹ آف پاکستان محمد اسداللہ خان کے پی آر اے پاکستان کے ساتھ بھرپور اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں نومنتخب عہدیداران میں صدر پی آر اے ایم بی سومرو، سیکرٹری نوید اکبر، سیکرٹری فنانس شاکر عباسی، سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین، ممبران گورننگ باڈی جاوید نور، حافظ عبدالماجد، عمر حیات، احمد نواز خان، غلام رسول کنبھر، روزینہ علی نے شرکت کی۔ پی آر اے پاکستان کا پہلا باضابطہ اجلاس بدھ بتاریخ 8 اکتوبر 2025 کو طلب کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔