پاک چین افواج علاقائی امن و استحکام کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
پاکستان اور چین کی دوستی منفرد، آزمودہ اور ہر طرح کےعلاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود مضبوط رہی ہے، سید عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہےپاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور وقت کی ہر کسوٹی پر ہمیشہ پوری اتری ہے۔
راولپنڈی: فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی مسلح افواج علاقائی امن، استحکام اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ کے لیے حقیقی شراکت دار ہیں، جبکہ دونوں ممالک کی لازوال دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی پیپلز لبریشن آرمی (PLA) کے 99ویں یومِ تاسیس کی مناسبت سے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاک چین دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ عسکری و سفارتی حکام نے شرکت کی۔ پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمانوں کا جی ایچ کیو آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے چینی پیپلز لبریشن آرمی کو اس کے 99ویں یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے چین کی مسلح افواج کی قومی دفاع، جدید عسکری صلاحیتوں کے فروغ، اقتصادی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی منفرد نوعیت کی حامل، آزمودہ اور ہر قسم کے علاقائی و عالمی چیلنجز کے باوجود مضبوط رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی اعتماد، پیشہ ورانہ تعاون اور اسٹریٹجک ہم آہنگی نہ صرف دفاعی تعلقات کی بنیاد ہے بلکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کی بھی ضمانت ہے۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین عسکری تعاون مسلسل وسعت اختیار کر رہا ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی "آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس یادگاری تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مثالی قرار دیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم پر قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور عوامی روابط پر مبنی ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دفاعی تعاون، باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ اس امید کا اظہار بھی کیا گیا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں بھی خطے کے امن، ترقی اور استحکام کے لیے مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔