پاکستان کے خلاف ہر مہم جوئی کا جواب سخت،دور رس اور انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوں گے، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

پاکستان کے خلاف ہر مہم جوئی کا جواب سخت،دور رس اور انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوں گے، فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر

آج پاکستان کا دفاع ہر قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔ آرمی چیف

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی آئندہ جارحیت یا مہم جوئی کے نتائج نہ صرف شدید ہوں گے بلکہ ان کے اثرات دور رس، خطرناک اور دشمن کے لیے انتہائی تکلیف دہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری، سرحدی سالمیت اور قومی وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کرے گا۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں “معرکہ حق” اور “آپریشن بنیان مرصوص” کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ یہ معرکہ صرف ایک عسکری جنگ نہیں تھا بلکہ دو نظریات کے درمیان ایک فیصلہ کن مقابلہ تھا، جس میں حق کو کامیابی اور باطل کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان، اس کے عوام اور مسلح افواج نے ایک بے مثال کامیابی حاصل کی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کوشش ہے کہ عسکری جارحیت اور سفارتی دباؤ کے ذریعے پاکستان کو کمزور کیا جائے اور خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کیا جائے، تاہم یہ خواب اس کی صلاحیت اور حیثیت سے کہیں بڑھ کر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کبھی بھی ایسی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔

فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کے تمام شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خاص طور پر ان معصوم شہریوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں کو یاد کیا جو دشمن کی کارروائیوں میں شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور افواج پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کو ایک امانت سمجھتی ہیں، جبکہ حاصل ہونے والی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا خاص احسان قرار دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران ہندوستان کو بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا، جس کے اثرات اسے آنے والے برسوں تک برداشت کرنا ہوں گے۔ ان کے مطابق پاک فضائیہ کے شاہینوں اور پاکستان کے میزائل نظام نے دشمن کے 26 سے زائد اہم عسکری اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ آج پاکستان کا دفاع ہر قسم کی بیرونی جارحیت کے خلاف ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید دور کی جنگیں صرف روایتی ہتھیاروں تک محدود نہیں رہیں بلکہ اب ملٹی ڈومین آپریشنز کا دور ہے، جن میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار، ڈرونز، سائبر وارفیئر اور آرٹیفشل انٹیلی جنس اہم کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ افواج پاکستان کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے “ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز” قائم کیا جا چکا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کو ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا۔

تقریب میں ظہیر احمد بابر سدھو اور نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی جبکہ پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ معرکہ حق میں کامیابی افواج پاکستان کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا واضح ثبوت ہے، جس نے عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔

ملک بھر میں اس تاریخی فتح کی پہلی سالگرہ کے موقع پر “یوم تشکر” بھی منایا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور ان کے جرات مندانہ فیصلوں کو اس کامیابی کا بنیادی سبب قرار دیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم کو نہ دبایا جا سکتا ہے اور نہ ہی جھکایا جا سکتا ہے۔

صدر مملکت نے اپنے خصوصی پیغام میں پاک فضائیہ کے سربراہ اور شاہینوں کی غیر معمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، جنہوں نے فولادی دیوار بن کر وطن عزیز کا دفاع کیا۔

“معرکہ حق” اور “آپریشن بنیان مرصوص”فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر
Comments (0)
Add Comment