پاکستان کو لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی کی لسٹڈ ایریاز سے نکال دیا گیا، جنید انوار چوہدری

پاکستان کو لائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی کی لسٹڈ ایریاز سے نکال دیا گیا، جنید انوار چوہدری

اس فیصلے سے کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ عالمی شپنگ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے لیے مزید پرکشش تجارتی مراکز بنیں گے، وفاقی وزیر برائے بحری امور

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ، پاکستان اور اس کی سمندری حدود کو لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے خارج کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے وژن اور فیلڈ مارشل کی رہنمائی میں پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر نے ایک اہم اور تاریخی کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان اور اس کی سمندری حدود کو لائیڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن کی جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز سے خارج کر دیا گیا ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 13 مارچ 2026 کو یہ معاملہ سامنے آیا کہ پاکستان اور اس کی سمندری حدود کئی دہائیوں سے جوائنٹ وار کمیٹی کے لسٹڈ ایریاز میں شامل تھیں، جس کے باعث ملکی شپنگ اور تجارت کو اضافی وار رسک انشورنس پریمیم اور سرچارجز کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس اہم معاملے کے حل کے لیے ان کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کی، جس نے مسلسل محنت کرتے ہوئے لائیڈز لندن کے حکام کے ساتھ تفصیلی مذاکرات کیے۔ رمضان المبارک کے دوران بھی افطار کے بعد کئی کئی گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوئے، جن میں پاکستان کا مؤقف تکنیکی شواہد اور ٹھوس حقائق کے ساتھ پیش کیا گیا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مسلسل مذاکرات اور کوششوں کے نتیجے میں پاکستان اور اس کی سمندری حدود کو جوائنٹ وار کمیٹی کی لسٹڈ ایریاز سے ہٹا دیا گیا ہے، جس سے غیر ضروری وار رسک انشورنس پریمیم اور اضافی سرچارجز میں کمی آئے گی، شپنگ اخراجات کم ہوں گے اور عالمی شپنگ کمپنیوں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ عالمی شپنگ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے لیے مزید پرکشش تجارتی مراکز بنیں گے، جبکہ عالمی اور علاقائی تجارت، کارگو ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ اضافی سرچارج کا بوجھ کم ہونے سے پاکستانی برآمدات کو عالمی منڈیوں میں مسابقتی برتری حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے کمیٹی کے تمام ارکان، متعلقہ اداروں اور شراکت داروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کو خطے کا مضبوط لاجسٹکس، ٹرانزٹ اور ٹرانس شپمنٹ ہب بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ حکومت پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کو مزید محفوظ، جدید، مؤثر اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے، بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اپنی کوششیں پوری قوت سے جاری رکھے گی۔

جنید انوار چوہدری - وزیر -بحری امورلائیڈز جوائنٹ وار کمیٹی
Comments (0)
Add Comment